ویب ڈیسک: بھارتی ریاست دہلی کے سابق چیف سیکرٹری اور 1975 بیچ کے آئی اے ایس افسر راکیش مہتا نوئیڈا میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
بھارتی حکام کے مطابق 75 سالہ راکیش مہتا کی لاش 6 ستمبر کو نوئیڈا کے سیکٹر 82 میں واقع ان کے فلیٹ سے ملی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے مبینہ خودکشی کا نوٹ بھی برآمد ہوا، جس میں ذہنی دباؤ اور صحت کے مسائل کو انتہائی قدم کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
فارنزک ٹیم نے فلیٹ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، جبکہ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے وقت راکیش مہتا کی اہلیہ دہرادون میں اپنے بیٹے کے پاس تھیں۔ شوہر کی جانب سے مسلسل فون کا جواب نہ ملنے پر انہیں تشویش ہوئی۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش اہلخانہ کے حوالے کردی۔