انار کلی دھماکا: دہشتگردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

انار کلی دھماکا: دہشتگردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور: (ویب ڈیسک) انار کلی بازار میں گذشتہ روزبم دھماکا کرنے والے دہشت گردوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ اس دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق انارکلی میں دھماکا کرنے کے لئے ایک دہشت گرد اور اس کے 2 سہولت کاروں کو بھیجا گیا تھا۔ دہشتگرد پان گلی کی جانب سے جبکہ دونوں سہولت کار سرکلر روڈ سے دھماکے کے مقام پر پہنچے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دہشت گرد بارود سے بھرا بیگ نجی بینک کے سامنے رکھنے کے بعد سرکلر روڈ کی جانب فرار ہوا جبکہ اس کو لانے والے سہولت کار بھی اسی راستے سے روپوش ہوئے۔ خیال رہے کہ انار کلی بازار بم دھماکے کی تفتیش جاری ہے جبکہ اس کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ، فرانزک اور انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیموں نے موقع سے اہم شواہد اکھٹے کر لئے ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ سڑکوں، چوراہوں اور گلی محلوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دہشتگردوں کا کھوج لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ وطن کے دشمنوں کو پکڑنے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں جنہوں نے جدید خطوط پر اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ دھماکے کے اطراف میں موجود دکانوں کو سیل کرکے اس کی طرف آنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ انار کلی دھماکے کا مقدمہ تھانہ انسپکٹر عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News