لاہور: نگران وزیراعلیٰ نے گجرات میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس، غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گجرات میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات کا ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کیاجائے۔