ڈی آئی خان: دہشتگردوں کی پولیس چوکی پر فائرنگ، 3 دہشت گرد ہلاک، 3 سپاہی شہید

ڈی آئی خان: دہشتگردوں کی پولیس چوکی پر فائرنگ، 3 دہشت گرد ہلاک، 3 سپاہی شہید
راولپنڈی : ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلا ک ہوئے جبکہ پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی، فائرنگ کا واقعہ 20 اور 21 مارچ کی درمیانی رات کو پیش آیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کے فرار کے ممکنہ راستے بند کر دئیے، فرار ہوتے ہوئے دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کا سگو کے علاقے میں آمنا سامنا ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 سپاہی شہید ہوئے، شہدا میں 42 سالہ حوالدار محمد اظہر اقبال شامل ہیں ،جن کاتعلق لودھراں سے تھا۔ 34 سالہ شہید نائیک محمد اسد کا تعلق خانیوال سے تھا، 22 سالہ سپاہی محمد عیسی کا تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا۔ تینوں اہلکاروں نے جوانمردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے لئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے، بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہماری عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔