ویب ڈیسک :رمضان المبارک کے دوران افطار کے موقع پر فروٹ چاٹ روزہ داروں کی پسندیدہ خوراک ہے جو کہ خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ دل ودماغ کو تقویت بخشتی ہے، تاہم ماہرین خوراک کا کہنا ہے کہ فروٹ چاٹ میں کچھ پھل شامل کرنے سے صحت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کیلے فروٹ چاٹ کا لازم و ملزوم حصہ سمجھے جاتے ہیں تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ جس دن افطار میں لسی یا دودھ سے بنی کوئی اور غذا موجود ہے تو اس دن فروٹ چاٹ میں کیلے شامل نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے پیٹ خراب ہونے کا اندیشہ ہونے کے ساتھ طبیعت کئی گھنٹوں تک بوجھل ہو سکتی ہے۔
تربوز مٹھاس اور پانی سے بھرپور پھل ہے جو افطار میں روزہ دار کے جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ فروٹ چاٹ میں تربوز شامل کرنے سے یہ فوائد سے بھرپور پھل صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
عموماً روزہ دار افطار کے فوری بعد پانی کا زیادہ استعمال کرتا ہے لیکن تربوز جس میں پہلے سے پانی شامل ہوتا ہے اگر وہ فروٹ چاٹ میں شامل کی جائے اور اس کے ساتھ پانی یا شربت پیا جائے تو یہ ہیضے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے ماہرین اغذیہ مشورہ دیتے ہیں کہ تربوز کو فروٹ چاٹ کے ساتھ کھانے کے بجائے افطاری کے بعد بھوک محسوس ہونے پر کھایا جائے۔