(ویب ڈیسک ) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے لیکور پالیسی کی میں گرفتار کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ اروند کیجریوال حالیہ دنوں میں جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے بعد گرفتار کیے گئے دوسرے موجودہ وزیر اعلیٰ ہیں۔تاہم اے پی پی (AAP) کی قیادت نے کہا ہے کہ کیجریوال وزیر اعلیٰ رہیں گے اور بھارتی دارالحکومت پر جیل سے حکومت ہوگی۔
کیجریوال کی گرفتاری لیکور پالیسی کیس کے سلسلے میں ایک اور بڑی گرفتاری کے ایک ہفتہ بعد ہوئی ہے۔ بی آر ایس لیڈر کویتا کو گزشتہ ہفتے حیدرآباد سے گرفتار کرکے دہلی لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آج ہائی کورٹ نے کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کسی بھی کارروائی سے کوئی تحفظ دینے سے انکار کردیا تھا۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے چند گھنٹے بعد، ای ڈی کے اہلکار سرچ وارنٹ کے ساتھ کیجریوال کی سول لائنز رہائش گاہ پر پہنچے اور چند گھنٹوں کے بعد کیجریوال کو حراست میں لے لیا گیا۔
دہلی کے وزیر اور اے اے پی(AAP) لیڈر آتشی نے کہا کہ پارٹی کیجریوال کی گرفتاری کو منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر چکی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ "ہم نے سپریم کورٹ سے آج رات ہی فوری سماعت کے لیے کہا ہے،"
اے اے پی (AAP )قیادت نے کہا کہ کیجریوال چیف منسٹر ہی رہیں گے کیونکہ یہ فیصلہ دہلی کے 23.8 لاکھ گھرانوں میں 'میں بھی کیجریوال' کے سروے کے بعد کیا گیا تھا۔