پرویز الہٰی کی ضمانت منظورہوتے ہی مزید 20کیسز میں نامزد

پرویز الہٰی کی ضمانت منظورہوتے ہی مزید 20کیسز میں نامزد
کیپشن: غیر قانونی بھرتی کیس،پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک:(سلیمان اعوان) لاہو ہائیکورٹ نے رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں درخواست ضمانت منظور کر لی جبکہ پولیس نے  چودھری پرویز الہٰی کو 20 نئے کیسز میں نامزد کر دیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کی کیسز کی تفصیلات کا معاملہ،پولیس نے چودھری پرویز الٰہی کو 20 نئے کیسز میں نامزد کر دیا،آئی جی پنجاب پولیس نے پرویز الٰہی کے خلاف مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کروا دیں۔

جسٹس امجد رفیق نے پولیس سے چودھری پرویز الٰہی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے 9 مئی کے 20 کیسز میں چودھری پرویز الٰہی کو نامزد کیا،چودھری پرویز الٰہی کو لاہور میں درج 3 مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے،چودھری پرویزالٰہی کیخلاف فیصل آباد کے 4 کیسز میں نامزد کیا گیا،چودھری پرویز الٰہی کو راولپنڈی کے 11 مقدمات میں نامزد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کو ضلع اٹک کے ایک کیس میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ چودھری پرویز الٰہی کو گوجرانوالہ کے ایک کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

پرویزالہٰی کی ضمانت منظور

قبل ازیں  پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ پر سماعت لاہورہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنوی احمد نے کی۔

پرویز الہی اور دیگر ملزمان پر آج بھی فرد جرم نہیں ہو سکی۔پرویز الہی کے پیش نہ ہونے  کی وجہ سے فرد جرم کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں عدالت نے ضمانت منظور کی۔

عدالت نے کیس پر مزید سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی ۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر  سماعت کی،چودھری پرویز الہی  کا جیل سے میڈیکل سرٹیفکیٹ  اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔

میڈکل رپورٹ  کے  مطابق پرویز الہی بیمار ہیں ان کے ٹیسٹ ہو رہے ہیں،جب تک پرویز الہی کی میڈیکل ٹیسٹ نہیں ہوتے  وہ بیڈ ریسٹ پر رہیں گے۔پرویز الہی کو  ڈاکٹرز کی جانب سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

عدالت نے آج  پرویز الہی اور محمد خان بھٹی سمیت دیگر کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا تھا،محمد خان بھٹی کو حاضری کیلئے اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا،دیگر ملزمان عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئے،اینٹی کرپشن نے ملزمان کے خلاف چالان عدالت پیش کررکھا ہے،اسمبلی میں بھرتی ہونے والے امیدوار بھی مقدمہ میں ملزمان ہیں۔

پراسیکیوشن نے کہا کہ پرویز الہی اور محمد خان بھٹی نے تحریری امتحان میں فیل ہونے والوں کو گریڈ 17 میں ملازمت دی۔تحریری امتحان کے نتائج کو تبدیل کرکے من پسند افراد کو ملازمت دی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ 

دوران سماعت پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ 2 سال کی تاخیر سے درج کیا، کسی امیدوار سے بھرتی کی رقم پرویز الہٰی نے وصول نہیں کی، پرویز الہٰی کا اس بھرتی سے کوئی تعلق نہیں۔

اس پر وکیل اینٹی کرپشن نے کہا تھا کہ پرویز الہٰی پر مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا گیا ہے۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یاد رہے کہ 27 مارچ 2024 کو عدالت نے پرویز الہی کی درخواست ضمانت کو خارج کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے دوبارہ سے درخواست عدالت میں دائر کی۔

عدالت نے 26 مارچ کو وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، محمکہ اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

بعد ازاں 28 اپریل کو ہائی کورٹ نے پرویز الہی کی درخواست کو مئی میں سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

Watch Live Public News

سینئر کورٹ رپورٹر