ملٹی نیشنل کمپنیوں کو تگنی کا ناچ نچا دینے والا لاک بٹ گروہ گرفتار

ملٹی نیشنل کمپنیوں کو تگنی کا ناچ نچا دینے والا لاک بٹ گروہ گرفتار
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک:امریکی پولیس نے رواں ہفتے سائبر مجرموں کے ایک گروپ لاک بِٹ کا صفایا کر دینے کا دعویٰ کیا ہے، جس نے حالیہ مہینوں میں دنیا کی کئی بڑی کمپنیوں پر سائبر حملے اور تاوان کے مطالبات کیے۔ یوں ان کمپنیوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق لاک بٹ نے اپنی سرگرمیوں سے دنیا بھر میں کہرام مچا دیا تھا۔ اس نے بڑی کمپنیوں پر سائبر حملے کر کے ان کا حساس ڈیٹا چرا لیا اور پھر بدلے میں کافی رقوم کا مطالبہ کیا۔ اس گروپ نے بڑے پیمانے پر ڈیٹا لیک بھی کیا، جس سے بہت سی کمپنیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اس گروپ نے دنیا بھر میں ہزاروں متاثرین سے لگ بھگ 120ملین ڈالر وصول کیے۔

لاک بٹ کا پتہ سن 2020 میں اس وقت چلا تھا جب روسی زبان والے سائبر کرائمز کے کئی فورمز پر اس کے نقصان دہ سافٹ ویئر یا malware پائے گئے تھے۔ منگل کے روز امریکی حکام نے دو روسی شہریوں کو بین الاقوامی کمپنیوں پر لاک بٹ رینسم ویئر سے حملے کرنے کا ملزم قرار دیتے ہوئے ایک کیس درج کر لیا۔ پولینڈ اور یوکرین میں بھی مقامی پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

 اب بند ہو چکی ایک ڈارک نیٹ ویب سائٹ پر اس گروہ نے لکھا تھا، ''ہم نیدرلینڈز سے کام کرتے ہیں۔ ہم پوری طرح غیر سیاسی ہیں اور ہماری دلچسپی صرف پیسے میں ہے۔‘‘

امریکی حکام کے مطابق سائبر مجرموں کا یہ گروہ صرف تین سال کے اندر اندر انٹرنیٹ پر سائبر حملے کر کے تاوان وصول کرنے والا دنیا کا سب سے خطرناک گروہ بن گیا تھا۔ 

اس نے سب سے زیادہ نقصان امریکہ میں ہی کیا۔ اس گروپ نے وہاں مجموعی طورپر 1700 تنظیموں، اداروں اور کمپنیوں پر حملے کیے، جن میں سرکاری محکموں سے لے کر ہر شعبے کی نجی کمپنیاں تک شامل تھیں۔ ان میں بینکوں سے لے کر اسکول، ٹرانسپورٹ اور اشیاء خور و نوش فراہم کرنے والی کمپنیاں اور حکومتی ادارے بھی تھے۔

اس گروپ کے حملوں کا شکار ہونے والوں میں دفاع اور ایرواسپیس سیکٹر کی معروف کمپنی بوئنگ بھی شامل ہے۔ لاک بٹ نے گزشتہ سال نومبر میں بوئنگ پر ایک سائبر حملہ کر کے اس کا ڈیٹا چرا لیا اور پھر اسے عام کر دیا تھا۔ 

اس سے قبل سن 2023 کے اوائل میں اس نے فنانشل ٹریڈنگ کمپنی اِیون(ION) پر بھی حملہ کیا تھا، جس سے اس کی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں۔ اِیون کے کسٹمرز میں دنیا کے سب سے بڑ ے بینک، بروکرز اور مالیاتی ادارے شامل ہیں۔ لاک بٹ نے انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ (آئی سی بی سی) اور امریکہ محکمہ خزانہ کو بھی نشانہ بنایا تھا۔

اس گروہ کے افراد جس تنظیم یا ادارے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، اس کے کمپیوٹر نیٹ ورک میں وہ اپنے رینسم ویئر پھیلا دیتے ہیں، جس سے متعلقہ نیٹ ورک کا پورا ڈیٹا لاک ہو جاتا تھا۔ اس کے بعد یہ مجرم ڈیٹا کو ان لاک کرنے کے لیے متاثرہ اداروں سے تاوان طلب کرتے تھے۔ بالعموم یہ تاوان کرپٹو کرنسی میں طلب کیا جاتا تھا، جس کا بعد میں پتہ لگانا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔

 امریکہ سمیت 40 ملکوں کے حکام کی ایک ٹیم اس گروہ کو پکڑنے کی کوششوں میں لگی ہوئی تھی۔ اس کے لیے تمام ممالک سائبر مجرموں کے کرپٹو کرنسی والٹس سے متعلق اطلاعات ایک دوسرے کو دے رہے تھے۔

 لاک بٹ مبینہ ''ساتھیوں‘‘ کی مدد لیتا تھا۔ یہ معاونین اسی طرح کی دیگر سرگرمیوں میں ملوث جرائم پیشہ گروہ ہوتے ہیں۔ لاک بٹ نے اپنے بلاگ پر سائبر مجرموں کو اپنے ساتھ کام کرنے کی دعوت بھی دے رکھی ہے۔ اس کے لیے باقاعدہ ایک درخواست فارم بھی دیا گیا ہے اور ساتھ میں اصول اور ضابطے بھی درج کیے گئے ہیں۔ اس میں یہ بھی لکھا گیا ہے، ''اپنے ان دوستوں اور جاننے والوں سے ہمارے متعلق پوچھیے، جو پہلے سے ہمار ے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ وہی آپ کو ہمارے بارے میں ضمانت دیں گے۔‘‘