پنجاب کابینہ کا آج ہونیوالا اجلاس اتنا اہم کیوں؟

پنجاب کابینہ کا آج ہونیوالا اجلاس اتنا اہم کیوں؟
لاہور (پبلک نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 46واں اجلاس ہوا جس میں عوام کو مصنوعی مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے پنجاب کابینہ نے بڑا فیصلہ کیا۔کابینہ نے صوبے میں سہولت بازار وں کے قیام کی منظوری دے دی۔ صوبہ بھر میں 337 سہولت بازار، سہولت کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے۔ سہولت بازاروں، سہولت کاؤنٹرز پر آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 430 روپے میں ملے گا۔ سہولت بازاروں میں عوام کو پھل، سبزیاں، دالیں اور چاول ارزاں نرخ پر ملیں گے۔کابینہ نے صوبے کی پہلی سپورٹس پالیسی 2020کی منظوری دے دی۔ پنجاب میں کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لیے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا۔ سپورٹس انفراسٹرکچرکی تشکیل، اکیڈمیوں کا قیام اور ڈیٹابیس جیو ٹیگنگ کی جائے گی۔ سپورٹس میڈیسن، کھلاڑیوں کے لیے انشورنس سکیم سپورٹس پالیسی میں شامل ہے۔ پنجاب کے 200 گاؤں میں گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں مزید 1400 گراؤنڈز قائم کرنے کے لیے اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ 65 تحصیلوں میں ملٹی پرپز تحصیل سپورٹس کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔پنجاب کے دریاؤں کی مینجمنٹ، ڈرینج سروسز اور بہتر آبپاشی کے لیے پنجاب ایریگیشن، ڈرینج اور ریورز ایکٹ 2021 کی منظوری دے دی گئی۔ 150 سال بعد 1873ء میں تشکیل کردہ ایریگیشن ایکٹ میں ترامیم کی گئی۔ نئے ایریگیشن ایکٹ سے ایریگیشن رائٹس کی وضاحت، وارہ بندی مینجمنٹ بہتر ہوگی۔ نئے ڈیم بنانے کے لیے ایریگیشن ایکٹ سے استفادہ کیا جاسکے گا۔ نئے ایریگیشن ایکٹ سے ڈیم سیفٹی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ ایریگیشن ایکٹ 2021 سے گراؤنڈ واٹر ری چارج میں بہتری آئے گی۔ زیر زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے کے لیے زرعی ٹیوب ویلوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔شمس قاری، چمبہ ہاؤس لین جی او آر وَن لاہور میں بہبود ایسوسی ایشن کے بہبود کمپلیکس کے لیے نزول اراضی کی لیز میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ محکمہ آبپاشی کی ٹرانسفر پالیسی کا ازسرنوجائزہ لینے کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ وزارتی کمیٹی ٹرانسفر پالیسی کے خدوخال کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز، انسٹی ٹیوشنز پنجاب 2021 کے تحت سرکاری اداروں کے ساتھ الحاق کے طریقہ کار اور گائیڈ لائنز کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی تمام امور کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی۔مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بھرتی کے لئے کنٹریکٹ پر تقرری کی پالیسی 2004 میں متضاد شقوں کو ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ کنٹریکٹ اور ری ایمپلائمنٹ میں ابہام کو دور کیا جائے گا۔کابینہ کی جانب سے پرندوں، جانوروں کی نسل کو معدوم ہونے سے بچانے کے لیے اہم اقدام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی سی پی ایئر گن، سی او ٹو ایئرگن، سائلنسڈ ایئرگن کو شکاری ہنٹنگ کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔ 800 میٹر فی سیکنڈ ولاسٹی سے زائد صلاحیت والی ایئر گن شکار کے لیے استعمال کرنے پر پابندی ہو گی۔ پی سی پی ایئر گن، سی او ٹو ایئرگن، سائلنسڈ ایئرگن کو پنجاب وائلڈ لائف ترمیمی ایکٹ 2007 کے سیکشن 9 میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔پنجاب انڈسٹریز (کنٹرول آن اسٹیبلشمنٹ اینڈ انلارجمنٹ) آرڈیننس 1963 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ برائے سال 2020 کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔دی پنجاب ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایکٹ 1976 کے سیکشن 2(C) کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ مینجمنٹ (ڈپٹی کمشنر) کو ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ مینجمنٹ کے مخصوص اختیارات حاصل ہوں گے۔دی پنجاب ٹریول ایجنسیز رولز 2021 کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ رولز 2021 اینڈ پنجاب ٹورسٹ گائیڈ رولز 2021 کی منظوری دی گئی۔لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے استعفیٰ کو منظور کر لیا گیا۔ کابینہ نے گندم خریداری کے ٹارگٹ کی ایکس فیکٹو منظوری دے دی۔ پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کو ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گی۔ گورنمنٹ آف پنجاب کے مالی حسابات برائے مالی سال 2017-18 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 43 ویں، 44 ویں اور 45ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ پنجاب کابینہ نے بجٹ میں عوام کے ریلیف کے لیے ٹھوس اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کابینہ نے پنجاب کا بہترین ریلیف اور ترقیاتی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے۔ یہ بجٹ صرف کتابی دستاویز نہیں بلکہ صوبے کی پائیدار ترقی کا جامع روڈمیپ ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہر ضلع کے لیے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ 560 ارب روپے کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی حقیقی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اپوزیشن ”میں نہ مانوں“ کی رٹ چھوڑ کر بجٹ کا مطالعہ کرے۔ پنجاب میں ون مین شو ختم کیا ہے اور ہم مشاورت کے ساتھ فیصلے کرتے ہیں۔ سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ سستے سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ عوام کو ریلیف دینے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔