بابراعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم معطل

بابراعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم معطل

لاہور(پبلک نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد معطل کر دیا۔

عدالت نے درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے تاحکم ثانی درخواستگزار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد معطل کر دیا۔

دوران سماعت عدالت نے مقدمہ درج کرنے سے روکنے کی حکم امتناعی کی متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ دوران سماعت لاہور ہائی کورٹ نے مدعیہ حامزہ مختار کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے۔ بابر اعظم نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم کے برعکس نئی درخواست پر ٹرائل کورٹ نے انکے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

بابر کے وکیل کا کہنا تھا کہ بابر اعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بہترین پلیئر ہیں، بابر اعظم کئی بین الاقوامی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں، مقدمہ درج کرنے سے قبل ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کا موقف نہیں سنا، درخواستگزار معصوم ہے اور ہائیکورٹ سے انصاف مانگ رہا ہے، اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف سیشن کورٹ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

بابر اعظم کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی کہ عدالت ٹرائل کورٹ کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے پر مقدمہ درج کرنے کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔