وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت منظور

کیپشن: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت منظور

پبلک نیوز: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے مقدمے میں 17 اپریل تک درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وکلا کے ہمراہ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کرنے پہنچے تھے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین آج رخصت پر تھے جس کے بعد علی امین گنڈاپور ڈیوٹی جج راجا جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل راجہ ظہورِ الحسن نے کہا کہ الیکشن مصروفیات کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیئے جائے۔ 

وکیل صفائی راجہ ظہور کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور ایف آئی آر میں نامزد ہیں مگر ان کا کردار کوئی نہیں، وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف 50 ایف آئی آرز درج ہوئیں، علی امین گنڈاپور کو عدالت تک پہنچنے بھی نہیں دیا جاتا تھا۔

وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو آئندہ سماعت کے لیے حاضری سے استثنی دے دیا جائے۔

جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ حاضری سے استثنی کی درخواست دے دیں اس کو دیکھ لیتے ہیں۔ 

بعد ازاں  عدالت نے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض 17 اپریل تک علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کی۔

علی امین گنڈاپور کےخلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ہے۔