ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈاپورسمیت تمام ملزمان کو کیس سے باعزت بری کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق علی امین گنڈا پور کےخلاف تھانہ بنی گالا میں درج مقدمہ کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے کی۔عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کردیا۔
مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ وقوعے میں زخمی ہونے والا بندہ ملک سے باہر ہے ۔
عدالت نے مدعی کو ہدایت دی کہ اس کی سکائپ آئی ڈی دیں۔
عدالت نے سکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کردی۔
وکیل مدعی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہوچکا ہے،نامزد ملزمان کو بھی معاف کردیا ہے۔
عدالت کی جانب سے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا۔
عدالت نے محمد ولید سے استفسار کیا کہ اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کرلیا ہے؟۔
محمد ولید نے بیان دیا کہ جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ہے۔