پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 جون تک ملتوی کردیا گیا

پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 جون تک ملتوی کردیا گیا
پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی 6 جون تک کے لیے ملتوی کردیا گیا، چیئرمین پینل میاں شفیع نے اجلاس کی صدارت کی، اسپیکر پرویز الہیٰ نے آج اجلاس بلایا تھا۔ اسپیکر پرویز الہٰی بھی آج کے اجلاس کے لیے اسمبلی پہنچے، اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر پرویز الہٰی نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی ہوگی، ہماری تعداد بڑھ گئی ہے، کیونکہ لوٹے کیفر کردار تک پہنچ گئےہیں۔ پرویز الہیٰ کاکہنا تھا کہ قانون سازی سے کوئی مائی کا لعل روک کر دکھائے، ہمارے سارے لوگ آئیں گے، اسمبلی کا اجلاس ضرور ہوگا۔پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اجلاس کے لئے گھنٹیاں بجانے کا عمل ہوا، جبکہ میڈیا کو پریس گیلری میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اجلاس کے آغاز سے قبل پنجاب اسمبلی کے بند کیے گئے دروازے کھولے گئے جس کے بعد ارکان پنجاب اسمبلی ایوان کے اندر جانا شروع ہوئے۔ سابق وفاقی وزیر مونسی الہٰی بھی پنجاب اسمبلی پہنچے، اس موقع انہوں نے کہا کہ ہم گھر سے نکلے تو سارے راستے کھل گئے۔ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے آنے والے ارکان کو اسمبلی کے اندر جانے سے روک دیا گیا، تحریک انصاف کے ایم پی ایز اسمبلی پہنچے تھے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 15 سے 20 ارکان صحافیوں کو ساتھ لے کر اسمبلی جائیں گے، اطلاعات ہیں کہ اسمبلی کے اندر کچھ غیر متعلقہ افراد موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ گجرات سے غنڈے بلائے گئے ہیں، ارکان اسمبلی کو اسمبلی کے اندر جانے نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن اب تک نہیں ملا، پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کے سامنے خار دار تاریں لگادی گئیں۔ پولیس کی بھاری نفری اسمبلی کے باہر تعینات ہے جبکہ ملازمین کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیاگیا اوررات گئے لاہور پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گھر سے گرفتار کرلیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔