عمران خان کے ساتھ دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پرویز الہیٰ

عمران خان کے ساتھ دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پرویز الہیٰ
لاہور: سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اقتدار کوئی انسان نہیں دیتا، اللہ جس کو مناسب سمجھتا ہے اس کوعزت دیتا ہے، میں وجاہت کے خلاف نہیں انھوں نے اپنے حالات کو دیکھ کر فیصلہ کیا، گھر والوں کو بھی یہی سمجھا رہا ہوں کہ وجاہت کے فیصلے پر رنج کی ضرورت نہیں۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ مونس اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم عمران خان کے بیانیہ کو بھی سپورٹ کرتے ہیں، فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، غلط فہمیاں علیحدہ چیز ہے، ہمیشہ کوشش رہی کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہم سے جو وعدہ کیے پورے کیے، اب ہمارا فرض ہے کہ ہم مشکل وقت میں عمران خان کا ساتھ دیں۔ خیال رہے کہا آج چوہدری وجاہت حسین نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ چوہدری وجاہت حسین اور ان کے بیٹے نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے بھائی وجاہت حسین کا استقبال کیا اور کہا کہ چوہدری وجاہت کو مسلم لیگ ہاؤس آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔