راولپنڈی : شمالی ویزرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی حملہ ہوا ہے، سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم دھماکے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین وطن پر قربان ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔