معزول شامی صدربشارالاسد کو روس میں زہر دیے جانے کا انکشاف

معزول شامی صدربشارالاسد کو روس میں زہر دیے جانے کا انکشاف
کیپشن: معزول شامی صدربشارالاسد کو روس میں زہر دیے جانے کا انکشاف

ویب ڈیسک: شام کے سابق صدر بشار الاسد کو روس میں مبینہ طور پر زہر دیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ دسمبر میں شام کے دارالحکومت دمشق پر اپوزیشن کے قبضے سے قبل ہی صدر بشار الاسد خاندان کے ساتھ روس فرار ہوگئے تھے۔

روس کی جانب سے بشار الاسد کو اہلخانہ سمیت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پناہ دی ہوئی ہے۔

تاہم غیر ملکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ماسکو میں معزول شامی صدر بشار الاسد کو مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل ایس وی آر کے نام سے ایک آن لائن اکاؤنٹ (جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ روس کے ایک سابق اعلیٰ جاسوس کی طرف سے چلایا جاتا ہے) سے بیان سامنے آیا کہ بشار الاسد اتوار کو ماسکو میں بیمار پڑ گئے تھے۔ 59 سالہ سابق صدر نے طبی امداد طلب کی اور پھر شدید کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔

مذکورہ اکاؤنٹ کے مطابق بشار الاسد کو قتل کرنے کوشش کی گئی۔ سابق صدر کا علاج ان کے اپارٹمنٹ میں کیا گیا، اور کہا جاتا ہے کہ ان کی حالت پیر تک مستحکم ہو گئی تھی۔ طبی ٹیسٹنگ کے ذریعے انہیں زہر دیے جانے کی تصدیق کی گئی۔

تاہم جنرل ایس وی آر کے اکاؤنٹ سے براہ راست اس معلومات کے ذرائع کا حوالہ نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب روسی حکومت کی طرف سے اس واقعے کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

Watch Live Public News