ویب ڈیسک: سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں انتہائی چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شوٹروں کو سلمان خان کے گھر پر 10 راؤنڈ فائر کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ انمول وشنوئی نے دونوں شوٹروں کو 10 راؤنڈ فائر کرنے کا حکم دیا تھا۔ دونوں شوٹر سلمان خان کے گھر کے باہر ایک نہیں بلکہ دو بندوقوں کے ساتھ 10 راؤنڈ فائر کرنے کی نیت سے پہنچے تھے۔ ایک بندوق ساگر پال کے پاس تھی جبکہ دوسری وکی گپتا کے پاس تھی۔
فائرنگ کے واقعے کو انجام دینے کے بعد شوٹروں نے دونوں بندوقوں کو سورت کی تاپتی ندی میں پھینک دیا تھا۔ ممبئی کرائم برانچ اب پرائیویٹ میرین کے ذریعے سورت کی تاپتی ندی میں دونوں بندوقوں کی تلاش میں مصروف ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں شوٹروں کو بندوقیں ویشنوئی گینگ کے لوگوں نے فراہم کی تھیں، لیکن اب تک ان کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ ایک بندوق ہولی کے دوران شوٹر بہار لے کر گیا تھا ۔ وہاں دونوں شوٹروں نے ایک ہی بندوق سے فائرنگ کی پوری مشق کی اور ہولی کے بعد ممبئی واپس لوٹ آئے۔
سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے بعد شوٹر وکی گپتا اپنے چھوٹے بھائی سونو گپتا سے رابطے میں تھا اور کافی دیر تک اس سے بات کی تھی۔ اس کی بنیاد پر کرائم برانچ اب بھی سونو گپتا سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ کرائم برانچ ذرائع کے مطابق دونوں شوٹروں کو سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنی تھی لیکن پکڑے جانے کے خوف کے باعث صرف ایک شوٹر ہی فائرنگ کر سکا۔ زیادہ تر شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور جلد ہی کرائم برانچ لارینس وشنوئی کی تحویل کے لیے عدالت سے رجوع کرے گی۔