واشنگٹن :ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف مقدمہ پاکستان کا قانونی اورعدالتی معاملہ ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ کے دوران سابق وزیر اعظم پر مقدمات سے متعلق کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزامات کے بارے میں رپورٹس سے واقف ہیں۔ عمران خان کے خلاف مقدمہ پاکستان کے قانونی اور عدالتی نظام کا معاملہ ہے، یہ براہ راست ریاست ہائے متحدہ کا معاملہ نہیں ہے۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی ایک سیاسی امیدوار پر موقف نہیں ہے، ہم پاکستان اور دنیا بھر میں جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کو پر امن طور پر برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کےخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان نے ایڈیشنل سیشن جج کو ڈرایا دھمکایا، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دی۔ عمران خان نےتقریرمیں کہاتمہارےاوپرکیس کرناہے مجسٹریٹ صاحبہ آپ تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ایکشن لیں گے آپ سب کو شرم آنی چاہیے۔ ایف آئی آر متن میں کہا گیا کہ عمران خان کے ان الفاظ اورتقریر مقصد پولیس کے اعلی حکام اورعدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا۔ عمران خان کے اس انداز اورڈیزائن میں کی گئی تقریر سے پولیس حکام،عدلیہ اورعوام میں خوف و ہراس پھیلا۔