راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایس ایس جی کو پوری قوم کا فخر قرار دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے میرانشاہ اور تربیلا کا دورہ کیا، میرانشاہ میں جنرل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے ۔ آرمی چیف نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میرانشاہ میں آرمی چیف کو سیکورٹی صورتحال اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے انتظامات پر فیلڈ کمانڈرز نے بریفنگ دی، آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر فرنٹ لائن پر متعین افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ارتقا پذیر سیکورٹی صورتحال پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، پاک فوج دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑ کے سماجی و معاشی ترقی کے ذریعے پائیدار امن یقینی بنائے گی، پاک فوج پرعزم قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیاں سے حاصل کردہ امن کو ہر حال میں برقرار رکھے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اسپیشل سروسز گروپ ہیڈکوارٹرز تربیلا کا بھی دورہ کیا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے سی ٹی ڈی بنوں آپریشن میں حصہ لینے والی ضرار کمپنی کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرار کمپنی کے سپاہیوں نے سی ٹی ڈی بنوں آپریشن میں بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، آرمی چیف نے ایس ایس جی کے ناقابل شکست جذبے،قربانیوں اور فرض کے لئے لگن کو سراہا ۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے ایس ایس جی کو پوری قوم کا فخر قرار دیا۔