پبلک نیوز: نیپرا نے انکوائری رپورٹ جاری کر دی۔ بلیک آوٹ گدو پاور پلانٹ اور سوئچ یارڈ کے درمیان سرکٹ کی تبدیلی کے دوران ہوا گدو پاور پلانٹ کی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاور بریک ڈاون تکنیکی تربیت کی کمی کے باعث ہوا۔ پاور پلانٹس پر عملے کی تکنیکی تربیت پر توجہ دینے کی سفارش کر دی۔ گدو پاور پلانٹ اور سوئچ یارڈ پر سرکٹ تبدیلی کے دوران بریک ڈاون ہوا۔ بریک ڈاون سے بڑی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کر گئیں۔ شمال اور جنوب میں بجلی کا لوڈ غیر متوازن ہو گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمال اور جنوب میں بجلی کی پیداوار غیر متوازن تھی۔ جنوب میں شمال کی نسبت بجلی کی پیداوار زیادہ تھی۔ غیر متوازن پیداوار سے مکمل بریک ڈاون کی صورتحال بنی۔ بجلی بحالی پر فوری کام شروع ہوا۔ کچھ پاور پلانٹس کو بحال کرنے میں دیر لگی۔ کے الیکٹرک نے بھی ٹپال اور گل احمد پاور پلانٹس کو چلانے کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس گیس کی کمی کے باعث بند تھے۔ زیادہ تر پاور پلانٹس 27 گھنٹے کے اندر ٹرانسمیشن لائن سے کنکیٹ ہو گئے۔ پن بجلی کے پاور پلانٹس نے 20 گھنٹے میں پیداوار شروع کر دی۔ کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کی بجلی 17 گھنٹوں میں بحال ہوئی۔ این ٹی ڈی سی مجموعی طور پر 22 گھنٹے میں بجلی بحال کرنے میں کامیاب ہوئی۔