ویب ڈیسک: پاکستان میں ایک اور تاریخ رقم ہوگئی۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے کی تاریخ میں پہلی وزیراعلی خاتون ہوں گی۔ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے ن لیگ کی نامزد امیدوار مریم نواز ہوں گی۔ جس کی نامزدگی لیگی قائد کیجانب سے کردی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائدوسابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، 28 اکتوبر 1973ء کو پیدا ہوئیں، مریم نواز نے انگریزی ادب میں جامعہ پنجاب سے ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ مریم نوازکو عام انتخابات 2013ء کے دوران ن لیگ کی جانب سے ضلع لاہور کی انتخابی مہم کا منتظم مقرر کیا گیا۔
مریم نواز کو 22 نومبر 2013ء کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کاچیئرپرسن تعینات کیا گيا تاہم لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد مریم نواز نے 13 نومبر 2014ء کو استعفی دے دیا۔ 6 جولائی 2018ء کو پاکستانی عدالت نے جعلی دستاویزات پیش کرنے اور نواز شریف کیساتھ جرم میں معاونت کے الزام میں انہیں 7 سال قید اور 2 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی اور وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں پابند سلاسل رہیں۔
مریم نواز کو لندن سے وطن واپسی پر گرفتار کر کے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا اور وہ 69 دن تک جیل میں رہیں تاہم بعد میں عدالت کے حکم پران کی تمام سزائیں معطل کردی گئیں۔
مریم نواز اپنی جارحانہ سیاست کی وجہ سے منفردپہچان رکھتی ہیں۔ ن لیگ کے مشکل وقت میں مریم نواز نے پارٹی کو متحرک رکھنے کےلیے بھرپور جدوجہد کی۔ حالیہ الیکشن مہم میں نواز شریف نے مریم کو اپنا سیاسی جاں نشین بنانے کا متعدد مواقعوں پر اشارہ دیا۔ تاہم وزارت اعلی کا منصب مریم نواز کا پہلا سیاسی امتحان ہوگا۔