ویب ڈیسک:بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں اتر پردیش کے وزیر سومنندر تومر کےبھتیجے نے پھول فروش جوڑے کو پیٹ ڈالا، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اتر پردیش کے وزیر سومنندر تومر کے رشتہ دار کو ٹریفک کے معاملے پر شدید بحث کے بعد ایک پھول فروش سے جھگڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایک دکان پر لگے کیمرے میں محفوظ ہوئی، ہفتے کی دوپہر اس وقت ہوا جب مسٹر تومر کے بھتیجے نکھل جو مبینہ طور پر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ ہیں، اپنی گاڑی (مہندرا اسکورپیو) میں ایک ہجوم والی سڑک سے گزر رہے تھے، جہاں کئی پھولوں کی دکانیں موجود ہیں۔
نکھل کی گاڑی جب رش والی تنگ سڑک پہنچی تو دکاندار نے ایک ای رکشہ ڈرائیور کو رکنے کے لیے کہا تاکہ وہ باہر رکھے گئے گملوں سے نہ ٹکرائے۔
نکھل نے ای رکشہ ڈرائیور کو ہٹنے کے لیے کہا اور اس کے بعد دکاندار سے تلخ کلامی شروع ہو گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھاپائی میں بدل گئی، لڑائی میں پھول فروش کی اہلیہ بھی کود پڑی۔
ویڈیو میں وزیر بھتیجے اور پھول فروش کو ایک دوسرے پر مکے برساتے دیکھاجاسکتا ہے جبکہ بال بھی کھینچ رہے ہیں، جھگڑے کے دوران پھولوں کے گملے بھی ٹوٹ گئے۔
لوگوں نے بیچ بچاؤ کرکے یہ جھگڑے کو ختم کیا جس کے بعد نکھل اور اس کا دوست اپنی گاڑی لے کر چلے گئے، بعد ازاں، دونوں فریق تھانے پہنچے،باہمی رضا مندی سے مزید کوئی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔