(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 7 خوارج ہلاک ہوگئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 کارروائیوں میں 7 خوارج ہلاک کردیے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقہ درابن میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 4 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ مڈی میں جھڑپ کے دوران 3 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن اور مدی میں 7 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں ںے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے،قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل سد باب کے لیے سرگرم عمل ہیں،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف 2 کامیاب آپریشنز پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بر وقت کارروائی کرکے 7 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور سکیورٹی فورسز نے 7خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچاکر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں، سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے قوم یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔