اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان آج سہ پہر تقریباً تین بجے پروگرام ” آپ کا وزیراعظم” میں عوام کی براہ راست فون کالز سنیں گے۔ وزیراعظم لائیو کالز کے دوران شہریوں کی شکایات اور تجاویز سنیں گے اور انہیں حکومت کے کئے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کریںگے۔ عمران خان سے براہ راست بات کرنے اور سوالات پوچھنے کے لئے عوام 9210809 051 پر ڈائل کرکے وزیراعظم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ 3 برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کے حصول پر اپنی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، کوویڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال ہونے والے سرفہرست 3 ممالک میں پاکستان شامل ہے۔ جمعہ کو اپنی ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ 3 سالوں میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 5.37 فیصد کی نمو پر اپنی حکومت کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں جس کے نتیجہ میں ملازمتوں کے قابل ذکر مواقع پید ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کی بین الاقوامی طور پر تائید و توثیق ہو رہی ہے، بلوم برگ نے پاکستان میں نمو کے پائیدار تسلسل اور روزگار کی بلند شرح کی پیش گوئی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان 3 سرفہرست ممالک میں شامل رہا ہے جہاں کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے بعد معمول کی زندگی تیزی سے بحال ہوئی ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ پاکستان میں انسانی زندگیوں اور روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا۔