ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اسمبلی ریکارڈنگ جاری کردوں تو یہ لوگ کسی کو منہ دکھانے کے اور گھر جانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
قصور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اپوزیشن نے کہا امن و امان اور مہنگائی پر بات کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس بلایا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اسمبلی کے ایک دن کے اجلاس پر ساڑھے 3 کروڑ روپے خرچ آتا ہے، میں ڈھائی گھنٹے تک ایوان میں بیٹھا اپوزیشن ارکان کا انتظار کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے 60 ارکان ٹریول الاؤنس لینے آئے، حاضری لگائی اور چلے گئے، افسوس اپوزیشن ارکان صرف ٹی اے ڈی اے لینے کیلئے اسمبلی آئے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میں کسی رکن کو گالم گلوچ کی اجازت نہیں دے سکتا، ہم نے بھی بہت احتجاج کیے لیکن ہمیشہ پارلیمانی دائرے میں رہ کر کیا، خاموش تماشائی نہیں بن سکتا، ایوان کے تقدس کا مقدمہ عوام میں لے کر جاؤں گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 60 لوگ حاضریاں لگا کر واپس چلے جاتے ہیں، میں کسی ایک جماعت پر تنقید نہیں کررہا۔