ویب ڈیسک: (علی زیدی) امریکی مشہور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ان دنوں ایراز ٹور کے دوران لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں 8 میں سے پہلا شو کرچکی ہیں۔ جہاں لاکھوں کی تعداد میں عام عوام نے کنسرٹ میں شرکت کی تو وہیں بہت سی غیرمعمولی شخصیات بھی اسٹیڈیم پہنچیں۔
انہیں شخصیات میں سے ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ ولیم بھی ہیں۔ برطانوی شہزادے اور ٹیلر سوئفٹ پرانے دوست ہیں اور جمعہ کو ہونے والے کنسرٹ کے موقع پر شہزادہ ولیم کی 42 ویں سالگرہ بھی تھی۔ جس کو انہوں نے شو کے دوران ہی منایا۔
شہزادے نے نہ صرف خود شو میں شرکت کی بلکہ اپنی فیملی کو بھی ساتھ لائے۔ اس حوالے سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ جس میں مشہور گلوکارہ کو بہت اچھے موڈ میں شہزاد ولیم اور ان کے دونوں بچوں کے ساتھ سیلفی لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
برطانوی شاہی محل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی یہ تصویر شیئر کی گئی ہے۔ جس کے عنوان میں درج ہے کہ ٹیلرسوئفٹ ایک یادگار شام کیلئے شکریہ۔
اسی طرح ٹیلر سوئفٹ نے بھی ایک تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ جس کے عنوان میں انہوں نے لکھا کہ سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد ایم 8، لندن نے بہت اچھا آغاز فراہم کیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کو ویمبلے اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے کنسرٹ میں 7 لاکھ افراد نے شرکت کی۔ اس دوران 34 سالہ گلوکارہ نے اپنے مختلف گانوں پر پرفارم کیا۔ ٹیلر سوئفٹ کے مداحوں کیلئے خصوصی طور پر لفظ سوئفٹیز استعمال کیا جاتا ہے۔