پاکستان میں کورونا کنٹرول میں آگیا، پہلی مرتبہ کوئی موت نہیں ہوئی

پاکستان میں کورونا کنٹرول میں آگیا، پہلی مرتبہ کوئی موت نہیں ہوئی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں دو سال بعد پہلی مرتبہ کورونا وائرس سے کوئی شہری جاں بحق نہیں ہوا۔ این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں اس وبائی مرض سے کسی شہری کا انتقال نہیں ہوا۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 30 ہزار 333 ہو چکی ہے جبکہ 15 لاکھ 22 ہزار 862 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے 34 ہزار 476 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 443 کیس مثبت رپورٹ ہوئے۔ جبکہ کورونا کیسز کی شرح ایک اعشاریہ اٹھائیس فیصد رہی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔ گذشتہ دو برس میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ ادھر پاکستان میں کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے 12 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو 1166 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر یا نادرہ کے پورٹل پر رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے۔ https://twitter.com/Asad_Umar/status/1506465825297149955?s=20&t=lou2dvbWbtHutQuC_GoNdg رجسٹریشن کرانے والوں کو ان کے قریبی ویکسینیشن مرکز پہنچ کر ویکسین کی خوراک لگوانا ہوتی ہے۔ جو افراد پہلی خوراک لگوا چکے ہوتے ہیں انہیں دوسری خوراک کی مدت قریب آنے پر 1166 سے میسیج کیا جاتا ہے۔ انسداد کورونا ویکسین کی دو خوراکوں کے درمیان 28 دنوں کا وقفہ کیا جاتا ہے جب کہ 18 برس یا زائد عمر کے افراد کو دو خوراکیں لینے کے چھ ماہ پورے ہونے پر اضافی یا بوسٹر ڈوز کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور بیرون ملک سفر کرنے والے بھی ویکسین کی اضافی خوراک لے سکتے ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔