اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے تمام آئینی اداروں سے آئین کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار نے جاری بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرکے آئین منسوخ کردیا، الیکشن کمیشن کسی بھی صورت میں انتخابات کی تاریخ تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں کرانے لازم ہیں۔ سپریم کورٹ بار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی مینڈیٹ اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے آئین وسپریم کورٹ کے فیصلےکی غلط تشریح کی، آئین کے تحت نگران حکومت بھی 90 دن سے زیادہ قائم نہیں رہ سکتی۔ سپریم کورٹ بار کے مطابق الیکشن کمیشن کی آئین کی کھلی خلاف ورزی ملک میں انتشار پھیلائےگی، تمام آئینی ادارے آئین منسوخ نہ کرنے کے لیے جامع اقدامات کریں۔