اوور سیز پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں ، وزیراعظم

اوور سیز پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں ، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں،سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے رہائشی یونٹس اور ہاؤسنگ اسکیمز کے کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی ہمارا انتہائی قابل قدر اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے بہترین انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے رہائشیوں کو بین الاقوامی معیار کی شہری سہولیات دینے کے لیے متعلقہ ادارے بھرپور کوشش کریں۔وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر تیز تر کی جائے تاہم شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی یونٹس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمز شروع کی جا چکی ہیں۔ان اسکیمز میں یکمشت ادائیگی پر اوور سیز پاکستانیوں کو 15 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کی بہترین لوکیشنز پر 45 کمرشل پلاٹس نیلامی کے لیے تیار ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لیے دس بلین روپے کے پیکج پر کام جاری ہے جس کی بدولت اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔ مزید برآں اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنانے کے لیے مختلف روٹس پر 160 الیکٹرک بسس چلائی جائیں گی، ان میں سے 2 روٹس کے لیے 30 الیکٹرک بسس جون کے وسط تک اسلام آباد پہنچ جائیں گی ۔ علاوہ ازیں اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کے لیے قلیل مدتی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ جون 2023 میں شروع کیا جا رہا ہے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے طویل مدتی منصوبے کے حوالے سے بین الاقوامی ٹینڈر کیا جا چکا ہے ۔اس حوالے سے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے لیے جامع سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان کو وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ , وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ , وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ, سابق اراکین قومی اسمبلی حنیف عباسی , ڈاکٹر طارق فضل چودھری , انجم عقیل, وفاقی سیکرٹری داخلہ, وفاقی سیکرٹری خزانہ , چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔