فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ سیاست نہیں صرف پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں، صوبے شہر اور پاکستان کی خدمت جاری رکھوں گا۔ فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر ملک کے 24 کروڑ عوام دکھی ہیں، اس پر میں بھی دکھی ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں میسج میں عمران خان کو ایک بات سمجھائی کہ ریاست سے ٹکراؤ کی پالیسی چھوڑ دیں، ہم موجودہ حکمرانوں کے خلاف تحریک چلائیں، ریاست اور اداروں سے ٹکرانا سیاستدانوں کا کام نہیں ہوتا، میرے علاوہ عمران خان کو کسی نے نہیں بتایا کہ سیاست میں تشدد نہیں ہوتا۔ فیاض چوہان نے کہا کہ اسی وجہ سے پارٹی میں کھڈےلائن تھا، زمان پارک میں داخلہ بند تھا، سارے لیڈر گواہی دیں گے کہ میں نے عمران خان کو سمجھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز رہائی کے بعد خاندان سے پوچھا کیا عمران خان نے میرے لیے ٹوئٹ کی؟ تو بتایا گیا کہ نہیں، عمران خان کو سب یاد رہے جس کا گھر تباہ ہوگیا وہ فیاض الحسن یاد نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ 14 مئی کو زوم میٹنگ میں بیرونی ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی کوشش کی، 70 امریکی کانگریس ارکان کا لابی کرنے کا معلوم ہوا تو دھچکا لگا، فوج اور پاکستان سے محبت آج نہیں ہمیشہ سے تھی اور ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاست نہیں صرف پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں، صوبے شہر اور پاکستان کی خدمت جاری رکھوں گا۔