دبئی:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کا اثر براہ راست پاکستان پر ہوتا ہے، پاکستان کی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری ہیں.
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں استحکام چاہتا ہے، افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے حوالے سے خطے کے ممالک کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، افغان حکومت کو یکطرفہ طور پر تسلیم نہیں کریں گے.
چوہدری فواد حسین نے کہا کورونا وباء کے باعث دنیا بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ڈالر کی افغانستان اسمگلنگ کے باعث روپے کی قدر میں کمی آئی، افغان طالبان سے بات کر رہے ہیں کہ دیگر گروپوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں، رواں سال گندم اور گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، زراعت کے شعبے میں ملکی معیشت میں 1100ارب کا اضافہ کیا گیا، ٹیکسٹائل کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہو رہا ہے.
وزیر اطلاعات و نشریا ت کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 2023تک ٹیکسٹائل کے آرڈرز ہیں، تعمیرات کے شعبے میں بھی ریکارڈ سرمایہ کاری آ رہی ہے، تعمیرات کے شعبے میں تین لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوئی ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ زرمبادلہ ملک بھیجا، موجودہ حکومت نے کورونا وباء کا بہترین انداز میں مقابلہ کیا، کورونا کے باعث دنیا کی 5بڑی معیشتوں کو دھچکا لگا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا حکومت کی ترجیح ہے.،