پبلک نیوز : پاک بھارت ٹاکرےکا بخار جب عروج پر ہوتا ہے تو شوبز ستارے بھی اس میں جکڑے جاتے ہیں۔ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے لیے دونوں جانب کے متعدد فنکار دبئی پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان کے معروف گلوکار و فنکار علی ظفر، اداکارہ عائشہ عمر، اعجاز اسلم، نادیہ حسین، وسیم بادمی اور فخرعالم ایکسپو کے سلسلے میں عرب امارات میں موجود ہیں اور ا ن کے میچ دیکھنے اسٹیڈیم جانے کے قوی امکانات ہیں۔ مارو مجھے مارو کے ڈائیلاگ سے مشہور کرکٹ شائق مومن ثاقب بھی پاک بھارت ٹاکرے کو لے کر پرجوش ہیں اور اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کا اعلان کرچکے۔ جو فنکار دبئی جاکر میچ نہیں دیکھ سکیں گے انہوں نے میچ کے لیے اپنی شوٹنگز منسوخ کردی ہیں دوسری جانب بھارتی سپر اسٹار سنجے دت اور عامر خان بھی روایتی حریفوں کا درمیان ٹاکرا دیکھنے کے لیے یو اے ای پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب سنجے دت کی پاکستانی لیجنڈ کرکٹر اور سابق آئی سی سی صدر ظہیر عباس، سرکلائیو لائیڈ اور دیگر آفیشلز کے ساتھ تصویر بھی وائرل ہوگئی۔