ویب ڈیسک: صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے حملہ کرکے متعدد پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا ہے، واقعے کی ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ شہید پولیس اہلکار ڈیڑھ گھنٹے تک تھانے سے مدد مانگتے رہے لیکن مدد کیلئے کوئی نہیں پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق آج سے 2 روز قبل ملک کے سب سے بڑے بس اڈے صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے حملہ کرکے کم از کم 12اہلکاروں کو شہید اور 10 کو زخمی کردیا۔ زخمی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہمیں سوچ سمجھ کر پلاننگ کے ساتھ ٹارگٹ کیا گیا۔
صادق آباد کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلز پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی جن پر 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے، ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد فائرنگ بھی کی۔ پولیس اہلکار ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے جب حملہ ہوا۔
شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کی گئی ہیں۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ تھانے میں بکتر بند گاڑیاں تھیں، مگر اہلکاروں کی مدد کیلئے نہیں بھیجی گئیں۔