پنجابی مائیکل جیکسن اللہ رکھا پیپسی کون ہیں؟

پنجابی مائیکل جیکسن اللہ رکھا پیپسی کون ہیں؟
سنیچر کے روز پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے لاہور کے لبرٹی چوک میں حمزہ شہباز شریف کے دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد یوم تشکر کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ مسلم لیگ ن کے یومِ تشکر کی اس تقریب میں جہاں ملی نغمے، پارٹی کے ترانے اور دھنیں بجائی گئیں وہیں ایک ایسا فنکار بھی نظر آیا جو مشہورِ زمانہ پاپ سنگر مائیکل جیکسن کی نقل اتارتا رہا اور لوگ اس سے محظوظ ہوتے رہے۔ اس فنکار کا نام اللہ رکھا عرف پیپسی ہے۔ اللہ رکھا پیپسی کو نہ صرف لبرٹی چوک کے سٹیج پر توجہ ملی بلکہ وہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بھی بنا ہوا ہے۔ اللہ رکھا پیپسی صوبہ پنجاب کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والا ون مین سٹینڈ اپ کامیڈین ہے جو مختلف رُوپ دھار کر خوشی کی تقریبات میں پرفارم کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک انٹرویو میں اللہ رکھا پیپسی نے اپنے نام کے ساتھ لفظ ’پیپسی‘ لگانے کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ایک دن وہ پیپسی پی رہے تھے، جس پر معروف سٹیج اداکار ببو برال نے کہا کہ ’تمہارا اپنا رنگ پیپسی جیسا ہے، آج کے بعد تمہارا نام اللہ رکھا پیپسی ہوگا۔‘، جس کے بعد میرا نام یہ بن گیا۔مسلم لیگ ن کے یوم تشکر کے موقع پر وائرل ہونے کے بعد اللہ رکھا پیپسی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ ویڈیو بیان میں اللہ رکھا پیپسی مزاحیہ انداز میں کہتے ہیں کہ ’میں نے گلبرگ میں ن لیگ کا جلسہ دیکھا۔ بہت بھرپور جلسہ تھا۔ وہاں جا کر میں نے ان کی منت سماجت کی مجھے بھی سٹیج پر موقع دیں۔ میں عمران خان کی نقل اتارنا چاہتا ہوں، وہاں میں نے پھر سری لنکا والا آئٹم بھی کیا جسے عوام نے بہت پسند کیا۔‘ اللہ رکھا پیپسی کی ن لیگ کے یوم تشکر کے موقع پر مزاحیہ پرفارمنس کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔ حسان نام ایک صارف کہتے ہیں کہ ’اللہ رکھا پیپسی ایک فنکار ہیں جو اپنے بچوں کے لیے روزی روٹی کما رہے ہیں۔ غریب آدمی کو کمانے دیں اور لوگوں کو محظوظ ہونے دیں۔ یہ ایک معصوم آدمی ہیں۔‘ اللہ رکھا پیپسی اس قبل نجی تقریبات اور نجی ٹی وی شوز میں بھی پرفارم کر چکے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔