ویب ڈیسک: ڈرامہ سیریل جنٹل مین سمیت متعدد ٹی وی سیریلز کے تخلیق کار خلیل الرحمٰن قمر نے کہا ہے کہ خواتین مجھ سے بہت عقیدت سے ملتی ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے خلیل الرحمٰن قمر سے مختلف سوالات پوچھے۔ جب ڈرامہ نگار اپنی گاڑی کی طرف بڑھ رہے تھے، صحافیوں نے ایک بار پھر ان کے اغوا اور خاتون سے رات گئے ملاقات پر مختلف سوالات کیے۔
ایک سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ خواتین انتہائی عقیدت و محبت کے ساتھ مجھ سے ملتی ہیں، خاتون اور غیر خاتون میں فرق ہوتا ہے۔ میں فیمینسٹس کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں اور اس میں ساڑھے 3 سال لگا دئیے۔ آخری سانس تک جنگ جاری رہے گی۔
ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے ایک اور سوال پر کہا کہ اللہ کی قسم، میں رات کے 3 بجے بھی خاتون سے ملنے جاؤں گا، مجھے کہیں بھی جانے کا حق ہے۔
اس سے قبل خلیل الرحمٰن قمر کو ایک خاتون نے مبینہ ہنی ٹریپ کا نشانہ بنایا اور اپنے ہاں بلانے کے بعد اغوا کرلیا۔ چند مسلح افراد نے خلیل الرحمٰن قمر سے بدسلوکی بھی کی اور ان کے موبائل فون کے علاوہ اے ٹی ایم سے بھی نقد رقم نکلوالی۔
آمنہ نامی ملزمہ نے خلیل الرحمٰن قمر کو ڈرامہ بنانے کا جھانسہ دیا اور اپنے گھر پر بلایا۔ مسلح افراد نے خلیل الرحمٰن قمر پر تشدد کیا، موبائل کے علاوہ گھڑی بھی چھین لی اور ڈھائی لاکھ ٹرانسفر کروانے کے بعد ایک ویران جگہ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔