"کوئی سربراہ نہیں ہوگا"، کپتان سمیت 7 افراد پرمشتمل پی سی بی سلیکشن کمیٹی کااعلان

کیپشن: کوئی سربراہ نہیں ہوگا، کپتان سمیت 7 افراد پرمشتمل پی سی بی سلیکشن کمیٹی کااعلان

پبلک نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا۔

تفصیلا ت کے مطابق محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کی از سر نو تنظیم کی ہے، سلیکشن کمیٹی اب 7 افراد پر مشتمل ہو گی،نئی چیز یہ ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی میں کوئی چیئرمین نہیں ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی میں محمد یوسف ، وہاب ریاض ، عبدالرزاق، اسدشفیق،  ہیڈ کوچ ، کپتان اور ایک اینالسٹ شامل ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ساتوں ممبران مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا کریں گے،کمیٹی ہر فیصلے کو حتمی شکل دے گی ،تمام ساتوں ارکان کے پاس یکساں اختیار ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوچز پر کام ہو رہا ہے ، جب بھی فائنل ہو گا تو آپ کو بتائیں گے ،  چار 5 دن میں کوچز کا معاملہ بھی فائنل ہو جائے گا ان شا اللہ ، کوچز کا عالمی اور ملکی سطح کا ایک کمبی نیشن ہو گا،  سب کا یہی خیال ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم مضبوط ہونی چاہیے ،کوچ سےمتعلق بات چل رہی تھی کہ ایک نام سامنے آیا جومیڈیا پر چلا تو وہ بھاگ گیا، ورلڈ کپ کی ضرورت تھی اس لیے ٹیم مضبوط کرنے کیلئے عماد وسیم سے سادہ بات ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ خزانہ ان شا اللہ تعالیٰ کرکٹ اور کھلاڑیوں پر لگے گا ، خزانہ خالی بھی چھوڑ کر گیا تو خوش ہوں گا کہ کرکٹ کی بہتری پر خرچ ہوا، بینکوں میں پیسہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ، کرکٹرز کے لیے پیسہ رہے گا ، کنٹریکٹ کے مطابق یکساں این او سی پالیسی ہو گی ، کسی کھلاڑی کے ساتھ فیورٹزم نہیں ہو گی۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا گیا ہے،کپتان کے اوپر کام ہو رہا ہے،مشاورت سے فیصلہ کریں گے ، اب سلیکشن کمیٹی آگئی ہے اس پر مشاورت کر رہی ہے، کپتان کوچز اور سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے۔

Watch Live Public News