ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نہ تو وہ ڈرے ہیں اور نہ ہی اسلام آباد کے کارکن۔ ان کا دشمن بے نقاب ہوچکا ہے۔ اس لیے رات کے اندھیرے میں ان کی جماعت کا دفتر گرایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عامر مغل نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم آخری دم تک بانی پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارا دشمن بے نقاب ہوچکا ہے اسکے تمام نقاب اتر چکے ہیں۔ اب ہیجڑے کے روپ میں وہ سامنے آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے دشمن کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ نا ہمارا لیڈر ڈرا اور نا اسلام آباد کے کارکنان ڈرے ہیں۔ ہم جدوجہد میں اپنے لیڈر کیساتھ کھڑے ہیں۔ نا صرف بانی پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے ہیں بلکہ رہا کروائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ وزیراعظم بنوائیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ رات کے اندھیرے میں چوروں اور ڈاکوؤں کیطرح سب سے بڑی جماعت کا دفتر گرایا گیا۔ ان سب کا ماسٹر مائنڈ ظل شاہ کا قاتل ہے۔ محسن نقوی اپنی ساری ٹیم لیکر آیا ہے وہ یہ سب کچھ کروا رہا ہے۔ محسن نقوی کو پیغام دینا چاہتا ہوں نہ ہم تم سے ڈرے ہیں نہ ڈریں گے۔
عامر مغل کا جوڈیشل ریمانڈ منظور:
پی ٹی آئی پارٹی آفس کے باہر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران عامر مغل کی گرفتاری کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کو انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ عامرمغل پر کیا الزام ہے؟
تفتیشی افسر نے بتایا کہ عامرمغل سے راڈ برآمد کرناہے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ عامرمغل کو جب پکڑ لیا تو راڈ برآمد کرناہے؟ عامرمغل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جاتاہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ناجائز تجاوزات کیا تھیں جہاں سی ڈی اے کا آپریشن ہوا ؟ پولیس حکام نے بتایا کہ رکاوٹیں لگائی ہوئی تھیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عامر مسعود مغل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔