لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح سے ہی گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، مال روڈ پر بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، شیخوپورہ، قصور، کاہنہ، اوکاڑہ، بصیرپور، پتوکی، رینالہ خورد میں بادل برس پڑے جبکہ بھوآنہ، شرقپور اور لالیاں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ ادھر وادی نیلم میں بھی بارش سے موسم انتہائی سہانا ہوگیا، وادی کے سیاحتی مقام رتی گلی میں پہلی برف باری سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ہے۔