کراچی سے لاپتہ دعا زہرہ کی بازیابی کی خبروں میں صداقت نہیں، پولیس

کراچی سے لاپتہ دعا زہرہ کی بازیابی کی خبروں میں صداقت نہیں، پولیس
کراچی سے لاپتہ لڑکی دعا زہرہ کے ملنے کے معاملے پر پولیس کا یو ٹرن سامنے آ گیا. ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کو کراچی پولیس نے لڑکی کا صرف نکاح نامہ فراہم کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کا کہنا تھا کہ پولیس نکاح نامے پر ایڈریس سے لڑکی کو تلاش کر رہی ہے، دعا زہرہ کے پولیس کو ملنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔ دعا زہرہ کی بازیابی کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ لاہور پولیس کراچی پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے مزید کہا کہ ٹیمیں تشکیل دے دیں ،لڑکی کو جلد تلا ش کر لیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ دعا زہرہ نے لاہور میں اپنی پسند سے شادی کر لی ہے، یاد رہے کہ 10 روز قبل کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن سے 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاپتہ ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے تھے تاہم پولیس اب تک دعا زہرہ کو تلاش کرنے میں ناکام رہی تھی۔ اسی حوالے سے دعا زہرہ کی والدہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ اپنی بیٹی کے لیے پیغام دے رہی ہیں۔دعا کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں کئی دن سے سوئی نہیں ہوں، کھانا بھی نہیں کھایا جاتا، میری دوسری بچیاں بھی پریشان ہیں اور بہن کی یاد میں روتی ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔