دنیا کی سب سے مہنگی جپھی، ایرانی فٹ بالر کو 30 کروڑ جرمانہ

hussein husseini foot baller
کیپشن: hussein husseini foot baller
سورس: google

 ویب ڈیسک : دنیا کی سب سے مہنگی جپھی۔۔۔۔ ایرانی فٹ بالر حسین حسینی کو گراؤنڈ میں آنے والی خاتون پرستار کو گلے لگا کر تسلی دینے پر 30 کروڑ تومان کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

ایرانی فٹ بال کلب ’استقلال‘ کے کپتان اور گول کیپر حسین حسینی اُس وقت مصیبت میں پڑ گئے جب میچ کے دوران ایک میچ دیکھنے کے لیے آنے والی اُن کی ایک خاتون پرستار گراؤنڈ میں آ گئیں اور انھوں نے فٹ بالر کو گلے لگا لیا۔
اس واقعے کے بعد ایرانی پولیس فورس ’فراجا‘ نے حسین حسینی کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کی اور انھیں کلچر اینڈ میڈیا پراسیکیوٹر کے دفتر طلب کر لیا گیا۔ اس واقعے کے سبب انھیں عدالت میں حاضری بھی لگوانی پڑی۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کی فُٹ بال ٹیم کی نمائندگی کرنے والے گول کیپر اپنے وکیل کے ہمراہ پراسیکیوٹر کے دفتر پہنچے اور وہاں مؤقف اختیار کیا کہ انھوں نے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ صرف ’بپھری ہوئی خاتون شائق کو تسلی دینے کی کوشش کی۔‘
ان پر 30 کروڑ تومان (ایرانی کرنسی) جرمانہ عائد کیا گیا اور انھیں ایک میچ کے لیے معطل بھی کیا گیا۔
 فٹبال کی دنیا میں ایسا کئی بار ہوا ہے کہ جذبات سے معمور فٹ بال فینز فیلڈ میں داخل ہو جاتے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ فٹ بالر کی توجہ حاصل کر سکیں۔ عام طور پر سکیورٹی اہلکار ایسے شائقین کو واپس سٹینڈز میں بھیج دیتے ہیں یا پھر سٹار کھلاڑی بطور ہمدردی انھیں آٹو گراف دے دیتے ہیں، اُن کے ساتھ سیلفی بنوا لیتے ہیں یا اپنی شرٹ انھیں بطور تحفہ دے دیتے ہیں۔
تاہم ایران میں پیش آنے والے اس نوعیت کے واقعے پر ایرانی سٹار فٹبالر کو جرمانے، معطلی اور عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
 ان پر نہ صرف جرمانہ عائد کیا گیا ہے بلکہ ڈسپلنری کمیٹی نے انھیں میڈیا پر باضابطہ طور پر معافی مانگنے کا حکم بھی دیا ہے۔ اس فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حسین حسینی نے میچ آفیشل سے بھی بدسلوکی کی ہے۔

Watch Live Public News