ٹک ٹاک نے 3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی 1 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

ٹک ٹاک نے 3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی 1 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: ٹک ٹاک نے 3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی 1 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں۔ 

تفصیلات کے مطابق یہ بات کمپنی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ ٹک ٹاک پر روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں کہ جن کے مواد کی جانچ پڑتال کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کے تحت ہوتی ہے۔

اسی حوالے سے ٹک ٹاک نے 2023 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک نے اکتوبر سے دسمبر 2023 کے دوران 17 کروڑ 46 لاکھ 1 ہزار 963 ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹایا ہے۔

یہ تعداد اس عرصے میں ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی مجموعی ویڈیوز کے لگ بھگ 1 فیصد کے برابر ہے۔

پاکستان میں اس عرصے کے دوران ایک کروڑ 85 لاکھ 96 ہزار سے زائد ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریبا 95.3 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔

ٹک ٹاک نے ایک کروڑ 98 لاکھ 48 ہزار 855 ایسے اکاؤنٹس بھی پلیٹ فارم سے ہٹائے، جن کے بنانے والوں کی عمر 13 سال سے کم تھی۔

رپورٹ کے مطابق کمیونٹی گائیڈ لائنز کے ساتھ ساتھ کمپنی نے اسپام اکاؤنٹس اور متعلقہ مواد کو بھی ہدف بنایا اور خودکار طریقے سے اسپام اکاؤنٹس کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔

کمپنی کی جانب سے مواد کی جانچ پڑتال کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کا مجموعہ استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مبنی مواد کی نشاندہی اور کارروائی کی جاسکے۔