فرید آباد ( ویب ڈیسک ) بھارت میں انتہا پسند اور ہندوتوا کی پرچارک مودی حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کا چہرہ خود ہی بے نقاب کر دیا، ریاست ہریانہ کی تاریخی بلال مسجد کو غیر قانونی قرار دیکر حکومتی مشینری کے زیر نگرانی شہید کر دیا گیا،امت مسلمہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں موجود تاریخی بلال مسجد کو شہید کر دیا گیا، ہریانہ کی ضلعی حکومت کی طرف سے یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلال مسجد غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی اور یہ جگہ حکومت کی ملکیت تھی ، اس مقصد کیلئے بھارتی عدالت سے رجوع کیا گیا اور پھر سرکاری مشینری کی زیر نگرانی یہ شر انگیزحرکت کی گئی۔ بھارت میں انتہا پسند مودی حکومت مسلسل ہندوتوا کے پرچار میں مصروف ہے، بلال مسجد کی شہادت کے بعد پوری امت مسلمہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور بھارت کے مسلمانوں نے اس پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے، بلال مسجد کو سرکاری مشینری کی مدد سے شدید سکیورٹی کے حصار میں شہید کیا گیا اور اس موقع پر کوئی بھی ہجوم کھڑا نہیں ہونے دیا گیا۔