سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کابیان حلفی جمع

سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کابیان حلفی جمع
اسلام آباد: چئیرمین پی ٹی آئی کیس میں بشریٰ بی بی نے اپنا بیان حلفی جمع کرا دیا۔ سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بیان حلفی میں کہا ہے کہ جیل میں چئیرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ بیان حلفی میں کہا گیا کہ مشکلات اور تاخیر کے باعث عمران خان سے بائیس اگست کو اٹک جیل میں ملاقات ہوئی،چئیرمین پی ٹی آئی آئین اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ اس جدوجہد، ہر قربانی دینے اور مشکل کا سامنے کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ جیل میں چئیرمین پی ٹی آئی کی صحت خراب ہو رہی ہے، دوران قید چئیرمین پی ٹی آئی کا وزن بھی کم ہوا ہے، ستر سالہ شخص کی گرتی صحت ان کی زندگی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ نوٹس لے۔ سپریم کورٹ میں بشریٰ بی بی کی جانب سے بیان حلفی حامد خان ایڈووکیٹ نے جمع کرایا، بشریٰ بی بی کا بیان حلفی سویلین کے فوجی ٹرائل کے خلاف درخواستوں کے کیس میں جمع کرایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد سے انہیں لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔