(ویب ڈیسک ) ضلع کرم میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ، پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
پولیس کے مطابق ضلع کرم میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، حملے میں پولیس اہلکار قوت خان شہید جبکہ کانسٹیبل شہزاد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ حملے کے بعد دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو آگ لگا کر نذر آتش کردیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک مہینے سے سنٹرل کرم میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی مذمت:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع کرم میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور زخمی پولیس اہلکار کیلئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
آصف علی زرداری نے شہید اہلکار کیلئے بلندی درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی مذمت:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کرم کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکار کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیرِاعظم نے حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس کے افسران و جوانوں کی دھشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں ہیں، پولیس کے افسران و جوانوں کی فرض شناسی پر مجھ سمیت پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حملے میں شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہید پولیس اہلکار کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، پولیس کے افسران اور جوانوں نے جانیں قربان کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی انمٹ قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔