پبلک نیوز: صدر اردوان کی نئی معاشی پالیسی نے مرتے ہوئے ترکش لیرا میں نئی زندگی پھونک دی۔ ترک صدر کی اپیل کے بعد عوام نے امریکی ڈالر اور غیر ملکی کرنسی فروخت کرنا شروع کر دی۔ لوگ ہاتھوں اور جیبوں میں ڈالر بھرے ترکش لیرا خریدنے کے لئے قطار میں لگ گئے۔ فنانس مارکیٹ میں اربوں ڈالر انفلو کے بعد ترکش لیرا کی قدر 50 فیصد بڑھ چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان کی اپیل پر ترک عوام نے ایک بار پھر لبیک کہا صرف ایک روز میں ترکیوں نے 900 ملین ڈالرز کو ترکش لیرا میں بدل کر تاریخ رقم کر دی۔ ترک صدر نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ غیر ملکی کرنسی کو مقامی کرنسی میں تبدیل کرا لیں تا کہ ترکش لیرا کی گراوٹ کو مستحکم کیا جاسکے۔ ترک صدر کے اقدام اور عوام کے زبردست ردعمل کے باعث جمعے کے روز ترکش لیرا ایک ڈالر کے مقابلے میں 11.8 پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے آغاز میں ترکش لیرا ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح18.4 کا تھا۔ اردوان حکومت کی اسکیم کے مطابق زرمبادلہ ترکش لیرا میں ڈپازٹ کرنا ہو گا۔ حکومت نے فاریکس ڈپازٹس پر نقصان کی تلافی کا بھی وعدہ کیا ہے، مقامی کرنسی کو مستحکم کرنے کے لئے ترک حکومت نےایک ہفتے میں منی مارکیٹ میں 8 ارب ڈالر سپلائی کیے۔ معاہدے کے تحت منی مارکیٹ ڈیلرز نے پیر اور منگل کو ڈالرز فروخت نہیں کیے۔ صدر اردوان کا کہنا ہے کہ ملکی اقتصادیات میں بحالی کے ساتھ ساتھ مرکزی بینک کا زرِ محفوظ بھی 115 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گیا ہے۔ ہمارا مقصد اپنے ملک کو دنیا کی پہلی 10 اقتصادی قوّتوں کی صف میں شامل کرنا ہے۔