بانی پاکستان قائدِ اعظم محمدعلی جناح کا 146واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت، احترام اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں بابائے قوم کے مزار پر تعینات گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس گارڈز کے فرائض پاکستان آرمی کے کیڈٹس کےحوالے کیے گئے ۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں ، تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل عمر نسیم تھے ۔ مہمان خصوصی نے گارڈز کا معائنہ کیا، اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر نسیم کو جنرل سلام پیش کیا ، انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی درج کیے ۔ قائد کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سال میں 3 بار، 14 اگست، 6 ستمبر اور 25 دسمبر کو منعقد ہوتی ہے۔ پاک نیوی، پاکستان ایئر فورس اور پی ایم اے کاکول کے کیڈٹس بالترتیب ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔