لاہور ( پبلک نیوز) سینیٹ الیکشن کے لیے پنجاب کی کل 11 نشستوں پر تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں جس کی الیکشن کمیشن پنجاب کے ذرائع نے تصدیق کر دی ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق مشاہداللہ مرحوم کےبیٹےافنان اللہ خان سینیٹر کامیاب، سیف اللہ سرورنیازی بھی پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر بھی تمام جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے 5، تحریک انصاف کے بھی 5 جبکہ پاکستان مسلم لیگ ق کا 1 امیدوار کامیاب ہوا ہے۔ ن لیگ کو 5 نشستوں میں 3 جنرل، ایک خاتون اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست کامیابی ملی ہے۔ جنرل نشستوں پر ن لیگ کے افنان اللہ خان، ساجد میر اور عرفان الحق صدیقی کامیاب قرار پائے، خاتون نشست کے لیے سعدیہ خاقان عباسی اور ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم نذیر تارڑ کامیاب ٹھہرے ہیں۔ پی ٹی آئی 5نشستوں میں 3 جنرل، 1 خاتون جبکہ 1 ٹیکنوکریٹ کی نشست شامل ہے۔ بیرسٹر علی ظفر ٹیکنوکریٹ، ڈاکٹر زرقا تیمور خاتون نشست اور اعجاز چوہدری، عون عباس اور سیف اللہ سرور نیازی جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار ہیں۔اس کے علاوہ حزب اقتدار کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق کے حصہ میں ایک نشست آئی ہے جس پر کامل علی آغا کامیاب ہوئے ہیں۔