ملک بھر میں کب اور کہاں بارشیں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نےبتادیا

ملک بھر میں کب اور کہاں بارشیں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نےبتادیا
کیپشن: ملک بھر میں کب اور کہاں بارشیں ہوگی؟محکمہ موسمیات نےبتادیا

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں اتوار کو موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا تاہم رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ رات کو چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، مہمند، باجوڑ، خیبر، کرم، کوہاٹ، بنوں اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اتوار کو موسم خشک رہے گا تاہم شام کو خطہ پوٹھوہار، میانوالی، اٹک، خوشاب، سرگودھا، مری، گلیات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

وادیٔ نیلم کے سیاحتی مقامات پر رات سے برفباری، سردی میں اضافہ

ادھر وادیٔ نیلم کے سیاحتی مقامات کیرن، اپر نیلم، لوات بالا، شاردہ اور اڑانگ کیل میں رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔اس کے علاوہ تاؤبٹ، جاگراں، شونٹھر، گریس اور سرگن کی وادیوں میں بھی برف باری ہو رہی ہے۔

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے بلوچستان بھر میں بارش، ژالہ باری اور بالائی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

زیارت، کان مہتر زئی اور توبہ اچکزئی سمیت بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

تتہ پانی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند شاہراہِ قراقرم بحال نہ ہو سکی، سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں، شاہراہِ قراقرم کو کلیئر کرنے کا کام آج شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہے گا البتہ آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

Watch Live Public News