ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن ( پی آئی اے) کا ایک فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے کے بعد غائب ہو گیا ہے۔ اس کی گمشدگی کی اطلاع مقامی پولیس کو دیدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وقار احمد جدون نامی یہ فضائی میزبان پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے ٹورنٹو پہنچا تھا۔ اسے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا، تاہم وہاں سے وہ لاپتا ہوگیا۔ وقار احمد جدون نے 23 جنوری کو شیڈول پرواز میں واپس اسلام آباد آنا تھا۔ تاہم کے غائب ہونے کا پتا تب چلا جب پی آئی اے کے سینئر حکام نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ فضائی میزبان کے غائب ہونے کے فوری بعد پی آئی اے سٹیشن مینجر اور ہیڈ کوارٹرز کو اس سارے معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے مقامی پولیس کو بھی اس سے معاملے سے باخبر کر دیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے نے فضائی میزبان کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے کینیڈین بارڈر سیکیورٹی اور پولیس کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ وقار احمد جدون کا پاسپورٹ ٹورنٹو میں پی آئی اے سٹیشن منیجر کے پاس ہے۔ اس کیخلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کیا جائے گا، انہیں نوکری سے برطرف بھی کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی فضائی میزبانوں کے لاپتا یا غائب ہونے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ کچھ سال قبل کینیڈا جانے والی ایک خاتون فضائی میزبان کیساتھ بھی ایسا ہی واقعہ رونما ہوا تھا۔ تاہم اس کے بعد آج تک یہ پتا نہیں چل سکا کہ وہ کہاں ہیں۔