دبئی : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان آج پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے۔ ائیرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ ائیرپورٹ پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے مفاہمت کے حوالے سے بھرپور کام کیا جائے گا ۔ یو اے ای کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں. انہوں نے کہا کہ ا ان کے والد جو کہ پاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت رکھتے تھے. انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں. انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔